Tuesday, August 19, 2025

نفرت کی بجائے محبت کو پروان چڑھائیں

 

نفرت کی بجائے محبت کو پروان چڑھائیں

میں،  درویش کریم اپنے قریبی فیملی کے تمام افراد کے سامنے اپنا ایک مشاہدہ پیش کرنا چاہتا ہوں۔ یہ محض میرا نقطہ نظر ہے اور ہو سکتا ہے کہ یہ مکمل طور پر درست نہ بھی  ہو، لیکن میں نے سوچا کہ اسے آپ سب کے ساتھ شئیر کروں۔ ہم اکثر دیکھتے ہیں کہ ہر گھر میں وقتاً فوقتاً مختلف واقعات پیش آتے  رہتے ہیں۔ کبھی خوشی کے لمحات ہیں تو کبھی ناچاقی کے۔ یہ کوئی غیر معمولی  یا انہونی بات نہیں ہے، بلکہ یہ سب زندگی کا حصہ ہیں۔ خوشی اور غم، دونوں ہی ہر دور میں آتے رہے ہیں اور آتے رہیں گے۔

خوشی کے لمحات سے تو ہر کوئی لطف اندوز ہوتا  ہی ہے، لیکن جب  (اللہ نہ کرے)  کبھی ناچاقی ہوجاتی  ہے تو ہم اکثر اسے اپنے  دل پر لے لیتے ہیں اور اسے زندگی بھر کا روگ بنا لیتے ہیں۔ ہم اس ناچاقی میں ملوث رشتہ داروں کو ہمیشہ بری نگاہوں سے دیکھتے ہیں اور ان کی باتوں کو دل میں بسائے رکھتے ہیں۔ یہاں تک کہ ہم ان واقعات کا تذکرہ اپنے بچوں سے بھی کرتے ہیں، جو بعض اوقات اس ناچاقی کے وقت پیدا بھی نہیں ہوئے ہوتے ہیں۔ اس طرح ہم اپنے دل میں پالی ہوئی کدورت کو اپنی اگلی نسل تک منتقل کر دیتے ہیں اور ان کے ذہنوں کو بھی  ان رشتہ داروں کے حوالے سے منفی جذبات سے آلودہ کر لیتے ہیں۔

نتیجتاً، ہم رشتوں سے لطف اندوز ہونے کے بجائے نسل در نسل نفرت اور دوری کو پروان چڑھاتے ہیں۔ ساس، سسر، میاں ، بیوی،بہو، بھابھی، دیور، دیورانی، ماموں، ممانی، خالہ، خالو، پھوپھی، پھوپھا ، بھانجے ، بھانجیاں، بتیجا، بتیجیاں اور اسطرح  کے دیگر رشتوں کو ہم اس قدر نظر انداز کر دیتے ہیں کہ بعض اوقات ایسا لگتا ہے ہم ایک دوسرے کے رشتہ دار نہیں، بلکہ دشمن ہیں اور اجنبی ہیں۔ حالانکہ رشتے زندگی کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ یہ رشتے ہمیں جوڑتے ہیں، ہماری خوشیوں اور غموں میں شریک ہوتے ہیں اور ہماری زندگی کو بامعنی بنا  دیتے ہیں۔

آخر میں، میری آپ سب سے گزارش ہے کہ رشتوں کی قدر  کرنا شروع کریں اور انہیں سنبھال کر رکھنے کی کوشش کریں۔ اگر کوئی ناچاقی ہو بھی جائے تو اسے اپنی حد تک محدود رکھیں، اور کوشش کریں کہ وہ ناچاقی دل سے نکال سکیں۔ میری گزارش ہے کہ براہ کرم اپنی اولاد کے ذہنوں کو رشتوں کے بارے میں منفی خیالات سے آلودہ نہ کریں۔ اپنے بچوں کو رشتوں کی اہمیت سکھائیں، محبت اور معافی کا سبق دیں، تاکہ وہ ایک مثبت اور خوشحال مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔ آئیے مل کر نفرت کے بجائے محبت اور رشتوں کی گرمجوشی کو فروغ دیں۔ آپ سب کا بہت شکریہ۔

اگست ۱۹، ۲۰۲۵

No comments:

Post a Comment

نفرت کی بجائے محبت کو پروان چڑھائیں

  نفرت کی بجائے محبت کو پروان چڑھائیں میں،   درویش کریم اپنے قریبی فیملی کے تمام افراد کے سامنے اپنا ایک مشاہدہ پیش کرنا چاہتا ہوں۔ یہ محض...